متحدہ عرب امارات

امریکی ویزا اپائنٹمنٹ کی غیر معمولی رش میں اضافہ، تاخیر کی صورت میں یو اے ای کے شائقین فٹبال ورلڈ کپ 2026 سے محروم ہو سکتے ہیں

خلیج اردو
فٹبال ورلڈ کپ 2026 کے آغاز میں ابھی وقت ہے مگر متحدہ عرب امارات میں مقیم شائقین فٹبال کے لیے ویزا اپائنٹمنٹ کا مسئلہ سنگین ہوتا جا رہا ہے۔ ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ بڑھتی ہوئی عالمی طلب اور اپائنٹمنٹ سلاٹس کی شدید کمی کے باعث امریکی سیاحتی ویزا حاصل کرنے کیلئے فوری درخواست دینا ناگزیر ہو چکا ہے، ورنہ شائقین ورلڈ کپ سے محروم ہو سکتے ہیں۔ امسال یو اے ای سے امریکی ویزا درخواستوں میں ریکارڈ اضافہ دیکھا گیا ہے اور انستاسیا یانچینکو، سی ای او دی ویزا سروسز کے مطابق اپلائی کرنے کا بہترین وقت 2025 ہی ہے، کیونکہ 2026 کی ابتدا تک انتظار کرنا انتہائی خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔

یو اے ای میں مقیم فٹبال کوچ بلیسنگ روڈنی موٹسوویٹا نے کہا کہ وہ افریقی ٹیموں خصوصاً جنوبی افریقہ کے گروپ میچز دیکھنے کیلئے پرجوش ہیں اور جنوری سے اپنا ویزا عمل شروع کرنا چاہتے ہیں، مگر انہیں خدشہ ہے کہ اس وقت تک اپائنٹمنٹ ملنا بہت مشکل ہو جائے گا کیونکہ انتظار کی مدت ایک سال تک پہنچ سکتی ہے۔ ادھر امریکن ایمبیسی ابوظہبی نے خلیج ٹائمز کو بتایا کہ ورلڈ کپ سے قبل دنیا بھر میں لاکھوں انٹرویو سلاٹس کھولے جا رہے ہیں جبکہ فٹبال میچز کی ٹکٹس رکھنے والوں کو ترجیح دی جائے گی۔

امریکی ویزا انٹرویو کے بعد ویزا کی اسٹیمپنگ عام طور پر 5 سے 10 ورکنگ دن میں ہو جاتی ہے، لیکن اپائنٹمنٹ شیڈول کرنا کئی ہفتوں سے لے کر ایک سال تک لے سکتا ہے۔ ماہرین کے مطابق دسمبر وہ بہترین مہینہ ہے جس میں مانگ نسبتاً کم ہوتی ہے اور اپلائی کرنے والوں کے لیے زیادہ مواقع دستیاب ہوتے ہیں، جبکہ جنوری سے اپریل کے دوران طلب میں شدید اضافہ ہو جاتا ہے۔ اسی لیے دسمبر میں درخواست دینا سب سے فائدہ مند قرار دیا جا رہا ہے۔

اگرچہ ماہرین کے مطابق ابھی بھی ویزا حاصل کرنا ممکن ہے، لیکن معمول کی اپائنٹمنٹ تقریباً دستیاب نہیں، جس کی وجہ سے کچھ ایجنسیاں اضافی چارجز لے کر سلاٹس تلاش کر رہی ہیں۔ البتہ ایمانداری، مکمل دستاویزات، درست جوابات اور بار بار اپائنٹمنٹ چیک کرنا وہ بنیادی عناصر ہیں جن کے ذریعے درخواست گزار خود بھی اس عمل کو کامیابی سے مکمل کر سکتے ہیں۔

یو اے ای کے رہائشی پروفیشنل مسافر الیکساندر پولیاکوف نے اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ وہ مشرقی اور مغربی کنارے کے کئی شہروں میں میچز اور مقامات دیکھنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ درست رہائشی اسٹیٹس، مضبوط مالی ثبوت اور واضح سفری منصوبہ ویزا کے امکانات بڑھاتا ہے۔ یو اے ای کے سعود فیصل نے بھی شائقین کو مشورہ دیا کہ وہ فوراً اپلائی کریں کیونکہ ٹکٹ اور ویزا دونوں کی طلب تاریخی سطح تک پہنچ چکی ہے۔

سفر کی منصوبہ بندی کے لیے ماہرین نے چند واضح مراحل بتائے ہیں جن میں امریکی ویزا کے لیے جلد درخواست دینا، میزبان شہروں کا انتخاب، فیفا ٹکٹ سیل کے لیے رجسٹریشن، ہوٹل و فلائٹس کی ایڈوانس بکنگ اور امریکی شہروں کے درمیان داخلی سفر کی منصوبہ بندی شامل ہے۔

دوسری جانب فیفا صدر جیانی انفانٹینو اور صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی ملاقات میں فیفا پاس سسٹم متعارف کرایا گیا ہے جس کے تحت فیفا ٹکٹ ہولڈرز کو ترجیحی ویزا انٹرویو سلاٹس دیے جائیں گے، تاکہ ورلڈ کپ 2026 کے لیے بین الاقوامی شرکاء کی حاضری کو آسان بنایا جا سکے۔ کینیڈا، میکسیکو اور امریکہ کی 16 میزبان شہروں میں 48 ٹیموں کے درمیان یہ بڑا ٹورنامنٹ آئندہ سال منعقد ہوگا اور پہلے مرحلے میں ہی ایک ملین سے زائد ٹکٹ فروخت ہو چکے ہیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button