متحدہ عرب امارات

امریکا اور ایران معاہدہ دو مراحل میں ہوگا، ایران ایٹمی ہتھیار نہیں بنائے گا: امریکی صدر کا امیر قطر سے ملاقات میں اظہارِ خیال

خلیج اردو
امریکی صدر نے امیر قطر سے ملاقات کے دوران ایران کے ساتھ جاری مذاکرات اور ممکنہ معاہدے پر تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ مجوزہ معاہدہ دو حصوں پر مشتمل ہوگا اور یہ ایک منصفانہ ڈیل ہوگی۔

امریکی صدر نے کہا کہ “ہمیں لگتا ہے ایران کے ساتھ یہ معاہدہ کافی منصفانہ ہے” اور اس عمل کا سب سے اہم پہلو یہ ہے کہ ایران جوہری ہتھیار نہیں بنائے گا۔ ان کے مطابق معاہدہ دوسرے مرحلے کی طرف بڑھ رہا ہے۔

ملاقات کے دوران انہوں نے قطر کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایران اور خطے کے درمیان کشیدگی کم کرنے میں قطر نے مثبت کردار ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جنگ کے دوران قطر بھی خطرات کی زد میں رہا، تاہم قطری عوام نے بہادری کا مظاہرہ کیا۔

امریکی صدر نے اپنی سابقہ انتظامیہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہیں معاشی شعبے میں نقصان اٹھانا پڑا، خاص طور پر آٹو موبائل اور چِپ انڈسٹری سے متعلق شعبوں میں۔ ان کے مطابق بعض معاشی فیصلوں کے باعث امریکہ کو بڑے پیمانے پر نقصان ہوا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایران کی موجودہ قیادت ماضی کے مقابلے میں زیادہ سمجھدار اور کم جارحانہ ہے، جس سے مذاکرات میں پیش رفت ممکن ہوئی ہے۔

دوسری جانب امیر قطر نے امریکی صدر سے گفتگو میں کہا کہ ایران کے ساتھ تنازع کے خاتمے میں ان کی کوششیں قابلِ تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے ساتھ ہونے والا معاہدہ انتہائی اہم اور خطے میں استحکام کیلئے مثبت پیش رفت ہے۔

یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب ایران اور امریکا کے درمیان سفارتی رابطوں میں بتدریج بہتری اور نئے معاہدے کی طرف پیش رفت دیکھی جا رہی ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button