برازیلیا: برازیل کے بائیں بازو کے رہنما لوئیز اناسیو "لولا” دا سلوا ریکارڈ تیسری مرتبہ صدر منتخب ہو گئے۔ اپنے پہلے صدارتی خطاب میں برازیل کی دوبارہ تعمیر، نسلی اور صنفی مساوات اور ایمیزون کے جنگلات کی کٹائی کو ختم کرنے کا اعلان کیا۔
کئی دنوں کی سیاسی پولورائزئشن کے بعد لوئیز اناسیو "لولا” دا سلوا تیسری مرتبہ برازیل کے صدر منتخب ہو گئے ہیں۔ انتہائی دائیں بازو کے پیشرو جیر بولسونارو کے حامیوں کی جانب سے تشدد کی مبینہ دھمکیوں کے باوجود سخت سکیورٹی انتظامات میں حلف برداری کی تقریب اتوار کے روز 3 بجے منعقد ہوئی۔
صدر لولا کا کہنا تھا کہ برازیل کے لیے ہمارا پیغام امید اور تعمیر نو کا ہے۔ حقوق، خودمختاری اور ترقی کی عظیم عمارت جسے اس قوم نے بنایا تھا، حالیہ برسوں میں منظم طریقے سے منہدم کر دیا گیاہے۔ اس عمارت کو دوبارہ کھڑا کرنے کے لیے ہم اپنی تمام تر توانائی صرف کریں گے.