
خلیج اردو
اسلام آباد: وزیرِ اعظم شہباز شریف نے صنعتوں اور زرعی شعبے کے لیے تاریخی رعایتی بجلی پیکیج کا اعلان کر دیا۔ روشن معیشت بجلی پیکیج کے تحت صنعتی شعبے کے لیے فی یونٹ 11 روپے اور زرعی شعبے کے لیے 15 روپے کی رعایت دی گئی ہے۔ پیکیج کے مطابق آئندہ تین برس تک اضافی بجلی 22 روپے 98 پیسے فی یونٹ کے حساب سے فراہم کی جائے گی۔
وزیرِ اعظم نے صنعتی و زرعی شعبے کے ماہرین اور کاروباری برادری کے وفد سے ملاقات میں کہا کہ ماضی میں صنعتی شعبہ 34 روپے اور زرعی شعبہ 38 روپے فی یونٹ کے حساب سے بجلی حاصل کر رہا تھا، جسے اب نمایاں طور پر کم کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ روشن معیشت بجلی پیکیج کا بوجھ نہ تو گھریلو صارفین پر ڈالا جائے گا اور نہ ہی کسی دوسرے شعبے پر۔
شہباز شریف نے بتایا کہ گزشتہ برس متعارف کرائے گئے بجلی پیکیج کے تحت صنعتی و زرعی شعبوں نے 410 گیگاواٹ اضافی بجلی استعمال کی، جس سے صنعتوں کا پہیہ چلا، برآمدات میں اضافہ ہوا اور روزگار کے ہزاروں نئے مواقع پیدا ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ جب صنعت و زراعت کے شعبے ترقی کریں گے تو ملک قرضوں کے بوجھ سے نجات حاصل کرے گا۔
وفاقی وزیرِ توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے اس موقع پر کہا کہ حکومت صنعت اور زراعت کے شعبوں میں بہتری کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ملک میں 7 ہزار میگاواٹ اضافی بجلی دستیاب ہے، جو اب براہِ راست انہی دو پیداواری شعبوں کو فراہم کی جائے گی، کیونکہ یہ معیشت کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔






