خلیج اردو
اسلام آباد: پاکستان اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان مذاکرات میں ٹیکس ہدف میں 150 ارب روپے کی کمی پر اتفاق ہو گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق موجودہ مالی سال کا ٹیکس ہدف 14 ہزار 131 ارب روپے سے کم کر کے 13 ہزار 981 ارب روپے مقرر کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مزید کمی کے امکان کو سیلاب سے ہونے والے نقصانات کی عالمی سطح پر تصدیق شدہ رپورٹ سے مشروط کیا گیا ہے۔ نئی مفاہمتی دستاویز (ایم ای ایف پی) کے ڈرافٹ میں میکرو اکنامک فریم ورک میں تبدیلی پر بھی اتفاق ہوا ہے۔
نئے اہداف کے مطابق پاکستان کو رواں مالی سال میں مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) کی شرح نمو ساڑھے 3 فیصد اور ٹیکس بلحاظ جی ڈی پی 11 فیصد حاصل کرنا ہو گا۔ ذرائع کے مطابق جی ڈی پی کا حجم ایک لاکھ 29 ہزار ارب روپے کے ہدف تک پہنچنے کا امکان نہیں۔
یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ایک ارب 20 کروڑ ڈالر کی قسط کے اجرا کے بعد آئی ایم ایف کی نئی کنٹری رپورٹ میں تمام بینچ مارک اور شرائط شامل کی جائیں گی۔






