پاکستانی خبریں

پاکستان تمام ہمسایوں سے امن چاہتا ہے مگر افغان سرزمین سے دہشت گردی برداشت نہیں کی جائے گی، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا دورہ پشاور کے موقع پر قبائلی عمائدین سے خطاب

خلیج اردو
راولپنڈی: پاکستان کے چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے آج پشاور کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے قبائلی عمائدین کے جرگے سے ملاقات اور ہیڈکوارٹر 11 کور کا دورہ کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کو ہیڈکوارٹر 11 کور میں پاک افغان سرحد کے قریب سیکیورٹی صورتحال، آپریشنل تیاریوں اور انسدادِ دہشت گردی کی جاری کارروائیوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پشاور میں قبائلی عمائدین سے خطاب کرتے ہوئے جنرل عاصم منیر نے پاکستان اور افغان طالبان کے درمیان حالیہ کشیدگی کے دوران قبائلی عوام کی غیر متزلزل حمایت اور وفاداری کو سراہا۔ انہوں نے خیبر پختونخوا کے بہادر عوام کی قربانیوں اور دہشت گردی کے خلاف ان کی ثابت قدمی کو خراج تحسین پیش کیا۔قبائلی عمائدین نے دہشت گردی اور افغان طالبان کے خلاف پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے رہنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

فیلڈ مارشل نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان اپنے تمام ہمسایہ ممالک خصوصاً افغانستان کے ساتھ امن چاہتا ہے، تاہم افغان سرزمین سے پاکستان کے خلاف کسی قسم کی دہشت گردی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان نے گزشتہ برسوں میں صبر و تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے افغانستان کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے کے لیے متعدد سفارتی اور معاشی اقدامات کیے، مگر افغان طالبان حکومت نے بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے دہشت گرد گروہوں — فتنہ الخوارج اور فتنہ الہند — کے خلاف کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا بلکہ انہیں سہولت فراہم کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے قبائلی عمائدین کو یقین دلایا کہ خیبر پختونخوا سمیت پورے پاکستان کو دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں سے مکمل طور پر پاک کیا جائے گا۔قبائلی عمائدین نے آرمی چیف کے کھلے اور دو ٹوک مؤقف کو سراہا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشت گردی کی سوچ رکھنے والوں کا قبائلی علاقوں میں کوئی مقام نہیں۔پشاور آمد پر آرمی چیف کا استقبال کمانڈر پشاور کور نے کیا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button