
خلیج اردو
میکسیکو سٹی: شمالی میکسیکو میں ایک سپر مارکیٹ میں خوفناک دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 23 افراد ہلاک اور 11 زخمی ہوگئے۔ حکام کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں متعدد بچے بھی شامل ہیں۔
صوبہ سونورا کے گورنر الفانسو دورازو نے ویڈیو پیغام میں بتایا کہ واقعہ ہرموسیو شہر میں پیش آیا جہاں زخمیوں کو مختلف اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ واقعے کی وجوہات جاننے اور ذمہ داروں کا تعین کرنے کے لیے شفاف اور جامع تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے۔
مقامی حکام کے مطابق دھماکہ شہر کے مرکز میں واقع "والڈوز” اسٹور میں ہوا۔ سیکیورٹی حکام نے اس واقعے کو کسی دہشت گرد حملے یا تشدد سے متعلق کارروائی قرار دینے سے انکار کیا ہے۔
میکسیکو کی صدر کلاؤڈیا شین باوم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ حکومت متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔







