
خلیج اردو
بیروت: لبنانی فوج نے بدھ کے روز مشرقی لبنان کے علاقے زحلہ کی سعدنایل تحصیل میں کارروائی کرتے ہوئے ایک کویتی شہری کو بازیاب کرا لیا جو رواں ماہ کے آغاز میں اغوا ہوا تھا۔ کارروائی کے دوران تین مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا۔
لبنانی فوج کے بیان کے مطابق انٹیلی جنس ڈائریکٹوریٹ نے کئی روز کی نگرانی اور درست سکیورٹی ٹریسنگ کے بعد اغوا ہونے والے کویتی شہری کو بازیاب کرایا۔ گرفتار افراد میں دو لبنانی شہری اور ایک شامی باشندہ شامل ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ گرفتاری کے دوران ایک مشتبہ شخص نے سکیورٹی اہلکاروں پر فائرنگ کی جس کے جواب میں فورسز نے جوابی فائر کیا، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ اغوا میں استعمال ہونے والی گاڑی بھی برآمد کر لی گئی۔
گرفتار ملزمان اور برآمد شدہ اشیاء کو متعلقہ عدالتی حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے جبکہ مزید تحقیقات جاری ہیں۔







