
خلیج اردو
قومی اسمبلی کے اجلاس میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتوں پر عائد پابندی کے خلاف پاکستان تحریک انصاف کے ارکان نے زور دار احتجاج کیا۔ پی ٹی آئی ارکان اسپیکر ڈائس کے سامنے جمع ہوئے اور نعرے بازی کرتے ہوئے پوائنٹ آف آرڈر پر بات کرنے کی اجازت دینے کا مطالبہ کیا۔ شدید احتجاج کے دوران اقبال آفریدی نے کورم کی نشاندہی کر دی، جس پر پی ٹی آئی اراکین ایوان سے باہر چلے گئے۔
گنتی کرائی گئی تو کورم پورا نکلا، جس کے بعد اجلاس دوبارہ شروع ہوا، تاہم کچھ ہی دیر بعد اجلاس کو غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دیا گیا۔ پی ٹی آئی ارکان کا مؤقف تھا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتوں پر پابندی آئینی حقوق کی خلاف ورزی ہے اور وہ اس معاملے پر ایوان میں مؤقف پیش کرنا چاہتے تھے۔






