
خلیج اردو
دبئی: افغانستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے لیے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے، جس کی قیادت اسٹار اسپنر راشد خان کریں گے۔ یہ میگا ایونٹ 7 فروری سے 8 مارچ تک بھارت اور سری لنکا میں کھیلا جائے گا۔ تجربہ کار آل راؤنڈر گلبدین نائب اور فاسٹ بولر نوین الحق کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے، جبکہ نوین الحق کندھے کی انجری سے صحت یاب ہونے کے بعد دوبارہ اسکواڈ کا حصہ بنے ہیں۔
افغانستان کرکٹ بورڈ کے مطابق بائیں ہاتھ کے مڈل آرڈر بلے باز شاہد اللہ کمال اور وکٹ کیپر بلے باز محمد اسحاق نے اپنی جگہ برقرار رکھی ہے، جبکہ نوجوان فاسٹ بولر عبداللہ احمدزئی کو عمدہ کارکردگی کے اعتراف میں مرکزی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ فضل الحق فاروقی، جو حالیہ بنگلہ دیش سیریز میں شریک نہیں ہو سکے تھے اور زمبابوے کے خلاف صرف آخری ٹی ٹوئنٹی کھیل پائے تھے، انہیں بھی ویسٹ انڈیز سیریز اور ورلڈ کپ دونوں کے لیے منتخب کر لیا گیا ہے۔
ایک اور اہم پیش رفت میں مجیب الرحمان کی واپسی ہوئی ہے، جس کے بعد اے ایم غضنفر کو ریزرو کھلاڑیوں میں شامل کیا گیا ہے۔ ان کے ساتھ مڈل آرڈر بلے باز اعجاز احمدزئی اور ابھرتے ہوئے فاسٹ بولر ضیاء الرحمان شریفی بھی ریزرو اسکواڈ کا حصہ ہوں گے۔ ورلڈ کپ کی تیاریوں کے سلسلے میں افغانستان ٹیم 19 سے 22 جنوری تک متحدہ عرب امارات میں ویسٹ انڈیز کے خلاف تین میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلے گی، جس کے لیے یہی اسکواڈ منتخب کیا گیا ہے۔
افغانستان نے 2024 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں تاریخ رقم کرتے ہوئے پہلی بار سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی تھی، جہاں انہیں جنوبی افریقہ کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ افغانستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو نصیب خان کا کہنا ہے کہ پچھلے ورلڈ کپ میں افغان اٹالن کی کارکردگی شاندار رہی، اور ایشیائی کنڈیشنز میں ہونے والے اس ایونٹ میں مزید بہتر نتائج کی امید ہے۔ ان کے مطابق ویسٹ انڈیز کی میزبانی ٹیم کے امتزاج کو حتمی شکل دینے اور بھرپور تیاری کا بہترین موقع فراہم کرے گی۔
چیف سلیکٹر احمد شاہ سلیمان خیل نے کہا ہے کہ اسکواڈ کے انتخاب پر تفصیلی مشاورت کے بعد حتمی فیصلہ کیا گیا، گلبدین نائب بڑے میچوں کے کھلاڑی ہیں اور ان کی واپسی ٹیم کو مضبوط بنائے گی، جبکہ نوین الحق کی شمولیت سے فاسٹ بولنگ کا معیار مزید بہتر ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ مجیب الرحمان کی واپسی کے باعث اے ایم غضنفر کو باہر رکھنا مشکل فیصلہ تھا، جبکہ شاہد اللہ کمال کی حالیہ کارکردگی اور بائیں ہاتھ کے آپشن کی موجودگی بڑے ٹورنامنٹس میں اہم ثابت ہو سکتی ہے۔
افغانستان کو ورلڈ کپ 2026 میں پول ڈی میں رکھا گیا ہے، جہاں اسے نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ، متحدہ عرب امارات اور کینیڈا کا سامنا ہوگا۔ افغان ٹیم اپنے مہم کا آغاز 8 فروری کو چنئی میں نیوزی لینڈ کے خلاف کرے گی۔
افغانستان اسکواڈ میں راشد خان کپتان، ابراہیم زدران نائب کپتان، رحمان اللہ گرباز، محمد اسحاق، صدیق اللہ اٹل، درویش رسولی، شاہد اللہ کمال، عظمت اللہ عمرزئی، گلبدین نائب، محمد نبی، نور احمد، مجیب الرحمان، نوین الحق، فضل الحق فاروقی اور عبداللہ احمدزئی شامل ہیں، جبکہ ریزرو کھلاڑیوں میں اے ایم غضنفر، اعجاز احمدزئی اور ضیاء الرحمان شریفی کو رکھا گیا ہے۔






