پاکستانی خبریں

پاکستان 2026 میں دنیا کا پانچواں سب سے زیادہ آبادی والا ملک بن گیا

خلیج اردو
دبئی: اقوام متحدہ کے پاپولیشن فنڈ کے مطابق پاکستان 2026 میں دنیا کا پانچواں سب سے زیادہ آبادی والا ملک بن کر سامنے آیا ہے، جہاں آبادی 22 کروڑ 50 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ سنگ میل ایک جانب تیز رفتار آبادی میں اضافے، بلند شرح پیدائش، صنفی عدم مساوات اور موسمیاتی خطرات جیسے چیلنجز کی نشاندہی کرتا ہے، تو دوسری جانب آبادی کے رجحانات کو پائیدار اور جامع ترقی کے لیے ایک مؤثر ذریعہ بنانے کی فوری ضرورت کو بھی اجاگر کرتا ہے۔

یو این ایف پی اے پاکستان کی جانب سے جاری بیان میں زور دیا گیا ہے کہ آبادی کو محض بوجھ کے طور پر نہیں بلکہ ایک اسٹریٹجک اثاثے کے طور پر دیکھا جانا چاہیے، بشرطیکہ اس کا مؤثر انتظام کیا جائے۔ ادارے کے مطابق تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی نے صحت، تعلیم، روزگار اور سماجی تحفظ کے نظام پر شدید دباؤ ڈال رکھا ہے، جس کے لیے فوری اور مربوط حکمت عملی ناگزیر ہے۔

ادارے نے قومی منصوبہ بندی کے تناظر میں نیشنل فنانس کمیشن ایوارڈ کے فارمولے پر نظرثانی کی تجویز دیتے ہوئے کہا ہے کہ وسائل کی تقسیم میں صرف آبادی کے حجم کو واحد معیار بنانے کے بجائے ایسا مستقبل دوست طریقہ اپنایا جائے جو صنفی مساوات، موسمیاتی استحکام، متوازن آبادی کے نتائج اور صحت و تعلیم کے معیار میں بہتری جیسے اشاریوں میں پیش رفت پر صوبوں کو مراعات دے۔ یو این ایف پی اے کے مطابق ایسی اصلاحات مالیاتی مراعات کو انسانی ترقی کے اہداف سے ہم آہنگ کریں گی، جدت کی حوصلہ افزائی کریں گی اور پالیسیوں کے عملی فوائد عوام تک پہنچانے میں مددگار ثابت ہوں گی۔

بیان میں کونسل آف کامن انٹرسٹس کی سفارشات پر مکمل عملدرآمد، واضح احتسابی نظام، متعین ٹائم لائنز اور مسلسل مقامی فنڈنگ کی بھی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔ تاہم یو این ایف پی اے نے خبردار کیا ہے کہ کچھ پیش رفت کے باوجود سنگین مسائل بدستور موجود ہیں، جن میں زچہ و بچہ کی بلند شرح اموات، خاندانی منصوبہ بندی کی عدم دستیابی، کم عمری کی شادیاں، صنفی تشدد اور بالخصوص دور دراز علاقوں میں معیاری تولیدی صحت کی سہولیات تک غیر مساوی رسائی شامل ہیں۔

ادارے کے مطابق یہ مسائل شرح پیدائش میں کمی کے تعطل اور غیر مساوی ترقی سے گہرا تعلق رکھتے ہیں، جس سے واضح ہوتا ہے کہ مضبوط سیاسی عزم، مستند آبادیاتی ڈیٹا اور شواہد پر مبنی منصوبہ بندی کے بغیر ان چیلنجز سے نمٹنا ممکن نہیں ہوگا۔ دنیا کے سب سے زیادہ آبادی والے ممالک میں بھارت اور چین بالترتیب ایک اعشاریہ چار ارب سے زائد آبادی کے ساتھ سرفہرست ہیں، جبکہ امریکہ کی آبادی تقریباً چونتیس سے پینتیس کروڑ کے درمیان ہے، اور پاکستان اس فہرست میں پانچویں نمبر پر آ چکا ہے۔

 

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button