
خلیج اردو
دبئی کی سڑک و ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے آئندہ دو برسوں کے دوران بسوں اور ٹیکسیوں کے لیے مخصوص لینز میں توسیع اور بغیر پٹری چلنے والی ٹرام کے نئے منصوبے کا اعلان کر دیا۔
Roads and Transport Authority کے مطابق 2025 اور 2026 کے دوران 13 کلومیٹر پر مشتمل چھ نئے ٹرانسپورٹ راہداری منصوبے مکمل کیے جائیں گے جس کے بعد بس اور ٹیکسی لینز کی مجموعی لمبائی 20 کلومیٹر تک پہنچ جائے گی۔
حکام کے مطابق ان مخصوص لینز سے مسافروں کی تعداد میں 10 فیصد اضافہ، بسوں کی بروقت آمد و رفت میں 42 فیصد بہتری جبکہ سفر کے دورانیے میں 41 فیصد کمی متوقع ہے۔
نئی لینز شیخ صباح الاحمد الجابر الصباح اسٹریٹ، دو دسمبر اسٹریٹ، السطوہ، النہدہ، عمر بن الخطاب اسٹریٹ اور نائف اسٹریٹ پر قائم کی جائیں گی۔
حکام کے مطابق مخصوص لینز میں عام گاڑی چلانے والوں پر 600 درہم جرمانہ عائد کیا جائے گا۔
اتھارٹی دبئی کے آٹھ مختلف مقامات پر بغیر پٹری چلنے والی جدید ٹرام متعارف کرانے کے منصوبے کا بھی جائزہ لے رہی ہے جو بجلی سے چلنے والا ماحول دوست نظام ہوگا۔
یہ ٹرام سڑک پر بنائی گئی نشاندہی کے مطابق کیمروں کی مدد سے چلائی جائے گی اور روایتی ٹرام کے برعکس اسے پٹری کی ضرورت نہیں ہوگی۔
ہر ٹرام تین ڈبوں پر مشتمل ہوگی جس میں 300 مسافروں کی گنجائش ہوگی جبکہ اس کی زیادہ سے زیادہ رفتار 70 کلومیٹر فی گھنٹہ ہوگی۔
یہ اقدامات شہر میں بڑھتی ہوئی ٹریفک کے دباؤ کو کم کرنے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔
حکام کے مطابق 2025 کے دوران دبئی میں عوامی ٹرانسپورٹ استعمال کرنے والوں کی یومیہ اوسط تعداد 22 لاکھ جبکہ سالانہ تعداد 80 کروڑ 20 لاکھ تک پہنچ گئی۔






