
خلیج اردو
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کے ساتھ جنگ جلد ختم ہونے کے اشارے کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں کو زور دار جھٹکا لگا ہے اور قیمتوں میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔
بین الاقوامی منڈی میں برطانوی خام تیل کی قیمت تقریباً آٹھ فیصد کم ہو کر نوّے ڈالر فی بیرل کے قریب آ گئی ہے جسے توانائی مارکیٹ میں بڑی تبدیلی قرار دیا جا رہا ہے۔
اسی طرح امریکی خام تیل کی قیمت بھی کم ہو کر ستاسی ڈالر فی بیرل کے قریب پہنچ گئی ہے، جو اس سے پہلے تقریباً اناسی ڈالر فی بیرل سے زیادہ تھی۔
توانائی منڈی کے ماہرین کے مطابق جنگ کے خاتمے کے امکان اور خطے میں کشیدگی کم ہونے کے اشاروں نے عالمی منڈی میں تیل کی سپلائی سے متعلق خدشات کو کم کر دیا ہے جس کے باعث قیمتوں میں تیزی سے کمی آئی۔
یاد رہے کہ صرف ایک روز قبل عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت ایک سو انیس ڈالر فی بیرل سے بھی تجاوز کر گئی تھی جو ایران سے متعلق کشیدگی کے باعث ریکارڈ سطح تک پہنچ گئی تھی۔
ماہرین کے مطابق اگر مشرق وسطیٰ میں کشیدگی مزید کم ہوتی ہے تو آنے والے دنوں میں عالمی توانائی منڈی میں قیمتوں میں مزید استحکام دیکھا جا سکتا ہے۔







