پاکستانی خبریں

عالمی منڈی میں تیل مہنگا ہونے کے باوجود پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نہ بڑھانے کا فیصلہ، وزیراعظم شہباز شریف کا عوام کو ریلیف دینے اور بوجھ کم رکھنے کا اعلان

خلیج اردو
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود عوام سے کئے گئے وعدے کے مطابق اس مرتبہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نہ بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیراعظم کا کہنا ہے کہ عام آدمی پر بوجھ کم رکھنے کیلئے قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا جا رہا اور حکومت مشکل معاشی حالات کے باوجود عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا، "اپنے وعدے کے مطابق جس قدر ممکن ہو سکا ان مشکل حالات میں عوام تک ریلیف پہنچائیں گے اور غریب آدمی پر بوجھ کم رکھنے کیلئے اقدامات جاری رکھیں گے۔”

وزیراعظم نے کہا کہ خطے میں کشیدگی کے باعث اس وقت عالمی معیشت دباؤ کا شکار ہے جس کے پاکستان کی معیشت پر بھی اثرات مرتب ہونے کا خدشہ موجود ہے۔ تاہم بروقت پالیسی سازی، حکومتی بچت اقدامات اور مالی نظم و ضبط کے ذریعے صورتحال سے بہتر انداز میں نمٹنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بطور خادم پاکستان حکومت نے عزم کیا ہے کہ مشکل حالات میں بوجھ عام آدمی پر ڈالنے کے بجائے اشرافیہ اور حکومتی اخراجات میں کمی سے شروعات کی جائے گی۔

وزیراعظم کے مطابق وفاقی حکومت کے بچت اقدامات کے ساتھ صوبائی حکومتیں بھی بھرپور تعاون کر رہی ہیں جو خوش آئند ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سفارتی اور معاشی ٹیم کی کوششوں کے باعث خام تیل کی ملکی ضروریات کیلئے مناسب مقدار دستیاب ہے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں مل کر اس بات کو یقینی بنا رہی ہیں کہ کوئی بھی پیٹرولیم مصنوعات سرکاری قیمت سے زیادہ پر فروخت نہ کرے۔

انہوں نے دعا کی کہ عالمی سطح پر حالات بہتر ہوں اور عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں استحکام آئے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button