خلیجی خبریں

ایران کے متعدد ممالک میں بیک وقت حملے، خلیجی خطے میں ہنگامی صورتحال، گیس فیلڈ، ایئر بیس اور ٹینکرز نشانہ بن گئے

خلیج اردو
ایران نے اسرائیلی اور امریکی اہداف پر خیبر شکن، عماد اور قدر میزائلوں سے تازہ حملے کیے، جس کے بعد خطے میں کشیدگی شدید ہو گئی۔ ابوظہبی میں واقع شاہ گیس فیلڈ پر ڈرون حملے کے بعد آگ بھڑک اٹھی، جس کے باعث گیس فیلڈ کے آپریشنز معطل کر دیے گئے۔

الفجیرہ بندرگاہ کے قریب ایک آئل ٹینکر پر پروجیکٹائل گرنے کا واقعہ بھی پیش آیا، تاہم ٹینکر کو معمولی نقصان پہنچا اور کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ رپورٹس کے مطابق اب تک خلیج فارس میں 20 آئل ٹینکرز حملوں کی زد میں آ چکے ہیں۔

ابوظہبی اور دبئی میں شہریوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے، جبکہ بغداد میں امریکی سفارتخانے پر مسلسل ڈرون حملے کیے گئے، جہاں عراقی سیکیورٹی فورسز نے 5 ڈرون مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے۔

قطر میں واقع العدید ایئر بیس پر بھی حملہ کیا گیا، جہاں امریکی افواج تعینات ہیں۔ قطری فورسز نے متعدد میزائل اور ڈرونز کو فضا میں تباہ کر دیا، تاہم ملبہ گرنے سے ایک صنعتی علاقے میں آگ بھڑک اٹھی اور شہر بھر میں سائرن بجائے گئے۔

سعودی عرب اور کویت کے حکام نے بھی 13 ڈرون مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے، جبکہ تل ابیب میں ایرانی میزائلوں کی گونج سے زندگی مفلوج ہو گئی ہے اور شہری زیرِ زمین پناہ گاہوں میں رہنے پر مجبور ہیں۔

اسرائیلی سرکاری میڈیا نے تباہ شدہ گاڑیوں کی تصاویر جاری کی ہیں، تاہم زخمیوں اور ہلاکتوں کی تعداد ظاہر نہیں کی گئی۔

یہ صورتحال ظاہر کرتی ہے کہ مشرق وسطیٰ میں جنگی دائرہ وسیع ہو چکا ہے اور متعدد ممالک اس کے اثرات کی لپیٹ میں آ چکے ہیں، جس سے خطے کے امن کو شدید خطرات لاحق ہیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button