
خلیج اردو
امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں ہونے والے امن مذاکرات میں خاطر خواہ پیشرفت ہوئی ہے اور اب فیصلہ ایران کے ہاتھ میں ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ مذاکرات کی ناکامی سے متعلق گردش کرنے والی خبریں درست نہیں ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جے ڈی وینس کا کہنا تھا کہ معاملات خراب نہیں ہوئے بلکہ کئی امور میں مثبت پیش رفت دیکھنے میں آئی۔ ان کے مطابق، "ہم نے کافی پیش رفت کی، ایرانی ہماری سمت میں آئے اور ہمیں مثبت اشارے ملے، تاہم وہ ابھی مطلوبہ حد تک آگے نہیں بڑھے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ مذاکرات کے دوران امریکی وفد کو ایرانی حکمت عملی کو بہتر طور پر سمجھنے کا موقع ملا، اسی لیے بات چیت کے بعد وفد پاکستان سے واپس روانہ ہوا۔
امریکی نائب صدر کے مطابق ایرانی ٹیم فوری طور پر کسی معاہدے کی پوزیشن میں نہیں تھی اور انہیں اپنی سپریم لیڈر یا دیگر اعلیٰ حکام سے شرائط کی منظوری درکار ہے، جس کے باعث مذاکرات میں وقفہ لیا گیا۔
جے ڈی وینس نے امید ظاہر کی کہ ایران آبنائے ہرمز کو کھلا رکھنے کے لیے مثبت پیش رفت کرے گا، جو عالمی تجارت اور توانائی کی فراہمی کے لیے انتہائی اہم ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکا نے اپنی ریڈ لائن واضح کرتے ہوئے ایرانی وفد کو باور کرایا ہے کہ جوہری مواد کو ملک سے ہٹانا ہوگا تاکہ خطے میں پائیدار امن یقینی بنایا جا سکے۔
یہ بیانات اس امر کی نشاندہی کرتے ہیں کہ اسلام آباد مذاکرات نے سفارتی پیش رفت کی بنیاد رکھ دی ہے اور آئندہ مرحلے میں کسی ممکنہ معاہدے کی راہ ہموار ہو سکتی ہے۔







