پاکستانی خبریں

ایران امریکا تنازع کے حل کیلئے پاکستان کا سفارتی کردار جاری، صدر اور وزیراعظم کی ملاقات، سعودی عرب، ترکیہ اور قطر کے اہم دوروں کا اعلان

خلیج اردو
پاکستان نے ایران اور امریکا کے درمیان تنازع کے خاتمے کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔ اس حوالے سے صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان اہم ملاقات ہوئی، جس میں خطے کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

صدر مملکت نے امریکا اور ایران مذاکرات کی میزبانی میں پاکستان کی انتھک کاوشوں کو سراہا، جبکہ وزیراعظم نے مذاکرات کے مختلف مراحل اور پاکستان کے ثالثی کردار سے آگاہ کیا۔ صدر مملکت نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان امن عمل کو برقرار رکھنے کے لیے عالمی رابطے جاری رکھے گا۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطح کا مشاورتی اجلاس بھی منعقد ہوا، جس میں مختلف عالمی رہنماؤں سے ہونے والے رابطوں اور خطے کی بدلتی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں وزیراعظم کے مجوزہ غیر ملکی دوروں کا ایجنڈا بھی طے کیا گیا اور سعودی عرب، ترکیہ اور قطر کے ساتھ پاکستان کے موجودہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔

سعودی ولی عہد کی دعوت پر وزیراعظم کل سعودی عرب کا اہم دورہ کریں گے، جہاں ایران۔امریکا مذاکرات اور مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال متوقع ہے۔ ذرائع کے مطابق دورے میں عالمی امور اور خطے کے موجودہ حالات پر بھی گفتگو ہوگی۔

وزیراعظم جمعرات کو ترکیہ روانہ ہوں گے اور بعد ازاں قطر کا بھی دورہ کریں گے، جہاں دوطرفہ تعلقات، اقتصادی تعاون اور علاقائی امن سے متعلق اہم ملاقاتیں متوقع ہیں۔

یہ پیش رفت پاکستان کے فعال اور متوازن سفارتی کردار کی عکاس ہے، جو خطے میں امن، استحکام اور مذاکرات کے فروغ کے لیے کلیدی اہمیت رکھتا ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button