
خلیج اردو
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران میں اب بھی چند اہم اہداف باقی ہیں اور ممکن ہے دوبارہ حملے کرنے پڑیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایران فوجی لحاظ سے شکست کھا چکا ہے اور اسے کسی صورت جوہری ہتھیار رکھنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
ٹرمپ کے مطابق امریکا ایران کا افزودہ یورینیم حاصل کرلے گا، جبکہ ایران کا جوہری مواد ملبے کے نیچے گہرائی میں دفن ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی ایرو اسپیس فورس مسلسل نگرانی کر رہی ہے اور کسی بھی وقت وہاں پہنچ سکتی ہے۔
امریکی صدر نے خبردار کیا کہ اگر کوئی اس مقام کے قریب گیا تو فوراً معلوم ہوجائے گا اور “ہم انہیں تباہ کردیں گے”۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کے پاس اب نہ مؤثر بحریہ باقی رہی ہے اور نہ ہی فضائیہ۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ ایران کی موجودہ قیادت عملاً ختم ہوچکی ہے جبکہ امریکا ایسے افراد سے رابطے میں ہے جن کے پاس کچھ طاقت موجود ہے۔ ان کے بقول ایران کو دوبارہ سنبھلنے میں کم از کم 20 سال لگیں گے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق ٹرمپ کے سخت بیانات خطے میں کشیدگی مزید بڑھا سکتے ہیں جبکہ ایران اور امریکا کے درمیان تناؤ نئی سطح پر پہنچنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔







