
خلیج اردو
متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں حکام نے منشیات کی اسمگلنگ اور ترسیل میں ملوث ایک گروہ کو گرفتار کرتے ہوئے تقریباً دو لاکھ نشہ آور گولیاں برآمد کر لی ہیں۔ کارروائی کے دوران مجموعی طور پر دو لاکھ اٹھہتر ہزار آٹھ سو پچاس پریگابالین گولیاں قبضے میں لی گئیں۔
دبئی کسٹمز اور دبئی پولیس کے محکمہ انسدادِ منشیات نے مشترکہ کارروائی کے دوران ایشیائی ملک سے آنے والی ایک مشتبہ کھیپ کو جدید ڈیٹا تجزیاتی نظام، مصنوعی ذہانت اور اسمارٹ رسک انجن کی مدد سے شناخت کیا۔ تفصیلی تلاشی کے دوران ایک لاکھ پچاس ہزار چھ سو پریگابالین گولیاں برآمد ہوئیں۔
بعد ازاں دبئی پولیس کی کارروائی میں چار رکنی گروہ کو گرفتار کیا گیا، جن کے قبضے سے مزید ایک لاکھ اٹھائیس ہزار دو سو پچاس پریگابالین گولیاں برآمد ہوئیں۔ اس طرح برآمد ہونے والی گولیوں کی مجموعی تعداد دو لاکھ اٹھہتر ہزار آٹھ سو پچاس ہو گئی۔
دبئی کسٹمز کے انٹیلی جنس شعبے کے ڈائریکٹر راشد بن حرب الشمسی نے کہا کہ یہ کامیابی جدید مصنوعی ذہانت، ڈیٹا تجزیے، اسمارٹ رسک انجن اور انٹیلی جنس صلاحیتوں کے مؤثر استعمال کا نتیجہ ہے، جس کے ذریعے مشتبہ کھیپوں کی بروقت نشاندہی ممکن بنائی جا رہی ہے۔






