
ہنگو میں سکیورٹی فورسز کے قافلے اور خارجی دہشت گردوں کے درمیان شدید جھڑپ ہوئی، فائرنگ کے تبادلے میں سکیورٹی فورسز نے 8 خارجی دہشت گردوں کو ہلاک کردیا، جبکہ 2 افسروں سمیت 6 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہنگو کے علاقے میں سکیورٹی فورسز کے قافلے کا خارجی دہشت گردوں سے سامنا ہوا، جس کے بعد دونوں جانب سے شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ سکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں 8 خارجی دہشت گرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران کیپٹن ابوذر فاروق اور لیفٹیننٹ شیراز بابر سمیت 6 جوانوں نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔ 23 سالہ کیپٹن ابوذر فاروق کا تعلق ضلع گوجرانوالہ جبکہ 22 سالہ لیفٹیننٹ شیراز بابر کا تعلق ضلع چکوال سے تھا۔ دونوں افسر جوانوں کی قیادت کرتے ہوئے بہادری سے لڑے اور شہادت پائی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں ممکنہ بھارتی سپانسرڈ خوارج کے مکمل خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے فتنۃ الخوارج کے خلاف انسداد دہشت گردی کی مہم بھرپور انداز میں جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فتنۃ الخوارج اور غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے عزمِ استحکام کے تحت کارروائیاں جاری رہیں گی۔ دفاع وطن کے لیے بہادر جوانوں کی قربانیاں دہشت گردی کے خلاف غیر متزلزل عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔







