متحدہ عرب امارات

اقوام متحدہ نے امریکا کو ایران میں جنگی جرائم کا مرتکب قرار دے دیا، یو این فیکٹ فائنڈنگ مشن کی تازہ رپورٹ کے مطابق مِناب پرائمری سکول اور لامرد اسپورٹس کمپلیکس پر امریکی حملے جنگی جرائم کے زمرے میں آتے ہیں

خلیج اردو
ایران میں امریکی حملوں سے متعلق اقوام متحدہ کی فیکٹ فائنڈنگ مشن کی رپورٹ سامنے آگئی، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ میناب کے شجرہ طیبہ پرائمری سکول اور لامرد کے اسپورٹس کمپلیکس پر امریکی حملے جنگی جرائم کے زمرے میں آتے ہیں۔

اقوام متحدہ کے مشن کے مطابق میناب میں سکول واضح طور پر ایک شہری تنصیب تھی اور اسے فوجی ہدف قرار دینے سے قبل مناسب تصدیق نہیں کی گئی۔ رپورٹ کے مطابق سکول پر ٹوماہاک میزائل حملے میں 150 سے زائد افراد مارے گئے، جن میں تقریباً 120 بچے شامل تھے۔ مشن نے حملے کو شہری آبادی کے خلاف بلاامتیاز کارروائی قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکی افواج نے شہریوں کو لاحق خطرے کو نظرانداز کیا۔

رپورٹ کے مطابق لامرد کے اسپورٹس کمپلیکس اور قریبی رہائشی علاقے میں بھی حملے کے نتیجے میں 22 شہری ہلاک ہوئے۔ اقوام متحدہ کے مشن نے قرار دیا کہ حملے کے اثرات کو کسی مخصوص فوجی ہدف تک محدود نہیں رکھا جا سکتا تھا، اس لیے یہ حملہ بھی بلاامتیاز قرار پاتا ہے۔

امریکی حکام نے اقوام متحدہ کی رپورٹ کے نتائج مسترد کیے ہیں۔ امریکی حکام کا کہنا ہے کہ ان کی فوجی کارروائیاں جنگی قوانین کے مطابق کی جاتی ہیں، جبکہ میناب سکول حملے کی امریکی تحقیقات بھی جاری ہیں۔

اقوام متحدہ کی رپورٹ خود کسی فرد یا ریاست پر عدالتی سزا عائد نہیں کرتی بلکہ فیکٹ فائنڈنگ مشن کے نتائج اور قانونی جائزے پیش کرتی ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button