خلیج اردو
23 ستمبر 2020
اسلام آباد: سعودی عرب کیلئے محدود پروازوں کی وجہ سے ایئر لائنز میں نشستوں کی عدم دستیابی اور کرایوں میں اضافہ کی وجہ سے سعودی عرب جانے والے پاکستانیوں کو ٹکٹ کےحصول میں مشکلات کا سامنا ہے۔
پاکستانیوں کو درپیش مسائل کے حوالے سے وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے معاون خصوصی برائے اورسیز پاکستانیز زلفی بخاری نے سعودی نائب وزیر برائے انسانی وسائل عبدللہ بن نصیر ابو السانی سے ویڈیو لنک رابطہ کیا ہے۔
معاون خصوصی نے ویزا کی میعاد کی تاریخ 30 اکتوبر 2020 ء تک بڑھانے، ایئر لائنز کو مزید فلائٹس کی اجازت دینے کی درخواست کی۔
زلفی بخاری نے اس موقع پر کہا کہ پروازوں کی عدم دستیابی کی وجہ سے کرایوں میں اضافہ ہوا ہے. کام کرنے والے کارکنوں کا بہت دباؤ ہے جو واپس سعودی عرب جانا چاہتے ہیں۔ پروازوں کی عدم دستیابی کی وجہ سے سعودیہ میں کام کرنے والے چٹھی پر آئے پاکستانی پھنس چکے ہیں.
زلفی بخاری نے درخواست کی کہ سعودی ایئر کیریئر اور پی آئی اے دونوں کی پروازوں میں اضافہ کی اجازت دے کر اقامےکی مدت میں کم ازکم ایک ماہ کی توسیع کی جائے.
مسٹری بخاری نے تجویز دی کہ سعودیہ میں ملازمت میں تبدیلی کرنے کے عمل کو بھی آسان بنانا مفید ہوگا۔
ترجمان برائے وزارت اورسیز پاکستانیز کے مطابق سعودی نائب وزیر برائے انسانی وسائل عبدللہ بن نصیر ابو السانی نے ہفتہ وار مشترکہ وزارتی اجلاس میں پروازوں اور اقاموں کا معاملہ اٹھانے کا وعدہ کرتے ہوئے کہا کہ سعودی وزارت تجارت ، داخلہ اور انسانی وسائل کی آیندہ مشترکہ کمیٹی میں معاملہ پیش کریں گے.
انہوں نے کہا کہ 25 فیصد نشستیں خالی چھوڑنے کی وجہ سے بھی پروازوں پر بوجھ ہے. اس پالیسی پر نظرثانی کر رہے ہیں، جلد تمام نشستوں پر مسافروں کو آنے کی اجازت ہوگی. ریکارڈ کا جائزہ لے کر اقاموں کی میعاد کو بڑھانے کا فیصلہ بھی اجلاس میں پیش کریں گے.
معاون خصوصی زلفی بخاری نے سعودی نائب وزیر کو سعودی قومی دن کی بھی مبارکباد دی جس کا سعودی وزیر نے خیر مقدم کیا۔
سعودی وزیر نے مزید کہا کہ اگلے ماہ پاکستانیوں کو لیبر لاء میں ترمیم کی ایک بڑی خوشخبری دیں گے۔






