خلیج اردو: شارجہ میں ایک ایل پی جی گیس سلنڈر کے پھٹنے سے پاکستانی نوجوان کی موت واقع ہو گئی ہے جبکہ دوسرا نوجوان تشویش ناک حالت میں زیر علاج ہے۔
یہ واقعہ جنوری کے اوائل میں شارجہ کے علاقے السجہ کی ایک دُکان میں پیش آیا جسے کباڑ خانے کے طور پر استعمال کیا جاتا تھا۔ پاکستانی نوجوان کے سلنڈر کو کاٹنے کے دوران اچانک وہ دھماکے سے پھٹ گیا، جس کے نتیجے میں وہ اور اس کا ایک دوست شدید زخمی ہو گئے تھے جنہیں تشویش ناک حالت میں القاسمی ہسپتال منتقل کیا گیا تھا، تاہم 25 سالہ پاکستانی نوجوان شدید جھُلس جانے کے باعث چار روز تک زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد وفات پا گیا۔
جس کی میت کو فارنزک لیبارٹری منتقل کر دیا گیا ہے۔
جبکہ اس کے 29 سالہ دوست کی حالت بھی نازک ہے، جو اس وقت ہسپتال کے آئی سی یو میں زیر علاج ہے۔ دُکان کے پاکستانی مالک نے بتایا کہ مرنے والا پاکستانی نوجوان اس کا داماد تھا، جو اسی کی کباڑ خانے کی دُکان پر کام کرتا تھا۔ وقوعہ کے روز وہ کسی کام سے گیا ہوا تھا۔ اس دوران اس کا داماد 50 پاؤنڈ کا گیس سلنڈر کاٹ رہا تھا تاکہ اسے سکریپ بنا کر فروخت کیا جائے۔
اس کا ایک دوست بھی قریب ہی بیٹھا بات چیت میں مصروف تھا۔ جب یہ سلنڈر دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں دونوں بُری طرح زخمی ہو گئے۔ اس کے داماد نے فون کر کے پریشان آواز میں بتایا کہ اس کے پورا جسم آگ لگنے سے جھُلس رہا ہے، فوری طور پر ایمبولینس بھجوائی جائے۔ جس کے میں اس نے نیشنل ایمبولینس کو فون کر دیا تاہم چند منٹوں کے اندر ہی دونوں نوجوان بُری طرح جھُلس گئے تھے۔ جنہیں فوری طور پر قاسمی ہسپتال منتقل کیا گیا۔ بدقسمتی سے اس کا داماد کئی روز آئی سی یو میں رہنے کے دوران انتقال کر گیا۔ السجہ پولیس اسٹیشن کی جانب سے اس واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔







