
خلیج اردو: دبئی کے حکمران شیخ حمدان دبئی کو رہائش کے لیے دنیا کا بہترین شہر بنانے کے عزم پر کاربند ہیں اور اس مقصد کیلئے انہوں نے دبئی کو جلد از جلد دنیا کا ترقی یافتہ شہر بنانے کے لیے نئے منصوبے کا اعلان کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق دبئی کے ولی عہد شیخ حمدان بن محمد بن راشد المکتوم نے دبئی اربن پلاننگ کے لیے سپریم کمیٹی قائم کرنے کا اعلان کیا ہے جو روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارثی (آر ٹی اے ) کے ڈائریکٹر جنرل مطار الطائرکی سربرابی میں کام کرے گی اور دبئی اربن پلان سمیت دیگر شہرکے دیگرترقیاتی منصوبوں کی نگرانی اوران کی رفتارکا جائزہ لے گی۔
شیخ حمدان نے اس منصوبے کے حوالے سے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر بتایا کہ ہمارا مقصد گڈ گورننس اور کارکردگی کو بلند ترین سطح پر لے جانا ہے۔ دبئی اربن پلان 2040ء کی بدولت ہم ایک نئے دور میں داخل ہوں گے اوراس منصوبے کی تکمیل کے لیے مشترکہ طور پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔
ولی عہد شیخ حمدان بن محمد بن راشد نے دبئی کی تمام تر ترقی کا کریڈٹ اپنے والد اور دُبئی کے فرمانروا شیخ محمد بن راشد المکتوم کو دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اگلے 20 سالوں کے لیے بھی ترقی کے بہت بڑے اہداف مقرر کر دیئے ہیں۔
اربن پلان کے حوالے سے بنائی گئی نئی کمیٹی مختلف منصوبوں پر کام کرنے والے محکموں کی کارکردگی کا جائزہ لے گی اور کام کی رفتار پر بھی نظر رکھے گی، اسکے ساتھ محکموں کے درمیان باہمی اشتراک و تعاون رکھنے کی خاطر بھی کمیٹی اپنی ذمہ داری نبھائے گی۔







