
خلیج اردو آن لائن:
جمیرہ میں راک بریکر کے قریب سمندر میں کشتی خراب ہونے کے بعد پھنس جانے والے ہسپانوی خاندان کو دبئی پولیس نے ریسکیو کر لیا۔
ہسپانوی خاندان کی جانب سے پولیس کو کشتی میں فنی خرابی پیدا ہونے کی اطلاع دی گئی تھی۔ اطلاع ملتے ہی میری ٹایم ریسکیو پیٹرول کو ریسکیو آپریشن کے لیے روانہ کر دیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ سمندری لہریں تیز ہونے کی وجہ سے 6 افراد پر مشتمل اس خاندان کو خطرہ لاحق ہو سکتا تھا۔
پورٹس پولیس اسٹیشن کے ڈائریکٹر کرنل ڈاکٹر حسن سہیل السوائیدی نے بتایا کہ پولیس کی بروقت کاروائی نے اس خاندان کی جانیں بچائی ہیں۔ پولیس نے بروقت مدد کے لیے پہنچ کر متاثرہ خاندان کی کشتی کو راک بریکر (سمندر کی خطرانک لہروں) کی طرف مڑنے سے روکا۔
میری ٹائم ریسکیو ڈیپارٹؐمنٹ کے سربراہ لیفٹیننٹ کرنل علی عبداللہ النقبی نے بتایا کہ انکی پہلی ترجیح اس خاندان کو محفوظ کرنا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ ریسکیو ٹیم نے سب سے پہلے اس خاندان کے تمام افراد کو ریسکیو کے لیے بھیجی گئی کشتی میں منتقل کیا، انہیں لائف جیکٹس پہنائی گئیں اور پھر انہیں بحفاظت طریقے سے ساحل پر پہنچا دیا گیا۔
خاندان کو بحفاظت سمندر سے نکالنے کے بعد انکی کشتی کو کھینچ کر ساحل سمندر پر پہنچا دیا گیا۔ بروقت ریسکیو کیے جانے پر ہسپانوی خاندان نے پولیس کا شکریہ ادا کیا ہے۔
Source: Khaleej Times






