
خلیج اردو
اسلام آباد:حکومت نے بیرون ملک احتجاج کرنے والے افراد کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کر لیا ہے۔
وزیر مملکت اور حکومت کے ترجمان برائے قانونی امور بیرسٹر عقیل ملک کے مطابق ایسے افراد کے پاسپورٹ منسوخ کرنے اور انہیں انٹرپول کے ذریعے واپس لانے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
بیرسٹر عقیل ملک کا کہنا تھا کہ شہباز گل اور قاسم سوری جیسے مفرور افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ جن ممالک کے ساتھ پاکستان کا قیدیوں کے تبادلے کا معاہدہ نہیں ہے، وہاں دیگر قانونی راستے اختیار کیے جائیں گے۔
وزیر مملکت نے تحریک انصاف کو دہشت گرد جماعت قرار دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سال نومبر میں اسلام آباد میں ہونے والے احتجاج کے دوران مسلح افراد موجود تھے۔
بیرسٹر عقیل ملک نے واضح کیا کہ حکومت سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کو چیف الیکشن کمشنر مقرر نہیں کر رہی۔
حکومت کے اس فیصلے کے بعد بیرون ملک موجود احتجاجی افراد کے خلاف قانونی کارروائی کا امکان مزید بڑھ گیا ہے، جبکہ سیاسی ماحول میں مزید گرماہٹ آ سکتی ہے۔






