
خلیج اردو
پشاور: مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف نے دعویٰ کیا ہے کہ بانی پاکستان تحریک انصاف اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو سحری اور افطار میں کچھ فراہم نہیں کیا جا رہا، جس کی وجہ سے دونوں کو مجبوراً نہار منہ روزہ رکھنا پڑ رہا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر سیف نے کہا کہ حکومت کے ان اوچھے ہتھکنڈوں کے باعث عوام میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو عبادات سے بھی روکا جا رہا ہے، جو بنیادی انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
بیرسٹر سیف نے مزید کہا کہ حکومت ایک قیدی سے خوفزدہ ہو چکی ہے اور ملاقاتوں پر عائد پابندی عدالتی احکامات کی کھلم کھلا خلاف ورزی کے مترادف ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ عدالت کو 26ویں آئینی ترمیم کی زنجیریں توڑ کر حکومت کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کرنی چاہیے۔







