پاکستانی خبریں

ملک کی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے، کاروباری برادری معیشت کی مضبوطی میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے، وزیراعظم

خلیج اردو
اسلام آباد: وزیراعظم نے کاروباری برادری کے وفد سے ملاقات میں کہا ہے کہ ملکی معیشت میں بہتری آرہی ہے، شرح سود اور مہنگائی میں نمایاں کمی ہوئی ہے، جس سے اقتصادی استحکام کی راہ ہموار ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ زراعت، صنعت اور تجارت کے فروغ کو یقینی بنانا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور ملک کے میکرو اکنامک حالات بتدریج مستحکم ہو رہے ہیں۔

وزیراعظم نے کاروباری برادری کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ تاجر برادری نے مشکل حالات میں بھی سرمایہ کاری جاری رکھی، جس سے روزگار کے مواقع پیدا ہوئے اور معیشت کو استحکام ملا۔ انہوں نے چاول کی برآمدات کے 4 ارب ڈالر تک پہنچنے کو ایک بڑی کامیابی قرار دیا اور کہا کہ اس سے زرعی شعبے کی ترقی میں مدد ملے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت میں جہاں بھی غلطی ہوگی، اس پر سخت جوابدہی کی جائے گی اور کسی کو عوامی مفاد کے خلاف کام کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ آئندہ جمعرات کو ہونے والے اجلاس میں زرعی شعبے کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا تاکہ اس کی مزید ترقی کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا سکیں۔

وزیراعظم نے ایک اہم نکتے کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ چین نے 2005 میں چاول کی گریڈنگ کے لیے ایک لیبارٹری کی تعمیر کے لیے گرانٹ دی تھی، لیکن بدقسمتی سے پاکستان اس سے کوئی فائدہ نہیں اٹھا سکا۔ انہوں نے اس معاملے پر سنجیدگی سے غور کرنے اور مستقبل میں ایسے مواقع سے بھرپور استفادہ کرنے پر زور دیا۔

وزیراعظم نے زور دیا کہ معیشت کی مضبوطی کے لیے حکومت اور کاروباری برادری کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت ملک میں سرمایہ کاری کے لیے مزید سہولیات فراہم کرے گی تاکہ صنعتی اور تجارتی سرگرمیوں کو فروغ ملے اور معیشت مستحکم ہو۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button