پاکستانی خبریں

جعفر ایکسپریس پر فائرنگ، ڈرائیور اور مسافر زخمی، بی ایل اے نے ذمہ داری قبول کر لی

خلیج اردو
کوئٹہ:کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس پر بلوچستان کے ضلع بولان کے علاقے مشکاف کے قریب مسلح افراد نے حملہ کر دیا۔ فائرنگ کے نتیجے میں ٹرین ڈرائیور شدید زخمی ہوگئے جبکہ متعدد مسافروں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

ریلوے حکام کے مطابق، ٹرین میں 500 سے زائد مسافر سوار تھے۔ حملہ آوروں نے ٹرین کو ٹنل نمبر 8 کے قریب نشانہ بنایا۔ سبی ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے اور زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

بلوچستان حکومت کے ترجمان کے مطابق، سیکیورٹی فورسز اور امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ کی جانب روانہ ہو چکی ہیں، تاہم دشوار گزار علاقہ ہونے کی وجہ سے رسائی میں مشکلات کا سامنا ہے۔

کالعدم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) نے حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے اور کچھ مسافروں کو یرغمال بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

سیکیورٹی فورسز کا موقف
بلوچستان کے ضلع بولان میں واقع ڈھاڈر کے قریب دہشت گردوں نے جعفر ایکسپریس پر حملہ کر دیا۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق حملہ آوروں نے ٹرین کو ٹنل میں روک کر مسافروں کو یرغمال بنا رکھا ہے، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

انتہائی دشوار گزار اور سڑک سے دور ہونے کے باوجود، سیکیورٹی فورسز نے فوری طور پر علاقے کو گھیرے میں لے کر کلیئرنس آپریشن شروع کر دیا ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گرد بیرون ملک اپنے سہولت کاروں سے بھی رابطے میں ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، معصوم مسافروں کو نشانہ بنانا اس بات کا ثبوت ہے کہ ان دہشت گردوں کا دین اسلام، پاکستان اور بلوچستان سے کوئی تعلق نہیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button