
خلیج اردو
لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے خیبر پختونخوا حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کارکردگی کے بجائے الزامات لگانے سے علی امین گنڈاپور کی نااہلی نہیں چھپ سکتی۔ انہوں نے کہا کہ ماڈل ریڑھی منصوبے کا ٹھیکہ مکمل میرٹ پر دیا گیا، اور جس کمپنی کی حمایت کی جا رہی تھی، اس کا تجربہ اور ریکارڈ بوگس نکلا۔
عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ مریم نواز کے منصوبے شفافیت اور میرٹ کی مثال بنتے جا رہے ہیں، اور وہ مسلسل ڈیلیور کر رہی ہیں، جس کی وجہ سے پنجاب میں ان کی مقبولیت تیزی سے بڑھ رہی ہے۔
رمضان پیکج کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مریم نواز اب تک 25 لاکھ افراد کو رمضان پیکج فراہم کر چکی ہیں، جبکہ خیبر پختونخوا حکومت آج تک اس کی منظوری دے رہی ہے۔
انہوں نے گنڈاپور پر کرپشن کے الزامات لگاتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا میں کوئی بھی ترقیاتی منصوبہ کمیشن کے بغیر مکمل نہیں ہوتا، اور جو لوگ کرپشن کے خلاف بات کرتے تھے، وہ خود اپنی بیوی سمیت سرٹیفائیڈ چور ثابت ہو چکے ہیں۔






