
خلیج اردو
اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ ہم نے اپنے دورِ حکومت میں دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا، لیکن پی ٹی آئی کے دور میں دہشت گردوں کو دوبارہ لاکر بسایا گیا۔
قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے اجلاس میں شرکت نہ کرنے پر پی ٹی آئی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
خواجہ آصف نے کہا کہ آج کے دن بھی اپوزیشن نے ریاست کی بجائے ایک شخص کو ترجیح دی۔ عوام کو ان کا اصل چہرہ دیکھنا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وطن دہشت گردی کی آگ میں جل رہا ہے اور پی ٹی آئی مفادات کی سیاست کر رہی ہے، جس سے واضح ہو گیا کہ وطن کی سلامتی اور امن پی ٹی آئی کے لیے کوئی اہمیت نہیں رکھتے۔
اس سے قبل اپنی ٹویٹ میں خواجہ آصف نے کہا تھا کہ پی ٹی آئی نے قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں شریک نہ ہو کر ثابت کر دیا کہ ان کے لیے بانی ہی پہلی اور آخری ترجیح ہے۔ ان کا نصب العین "بانی نہیں تو پاکستان نہیں” ہے۔ وزیر دفاع نے کہا کہ اس سے بڑھ کر ملک دشمنی اور کیا ہو سکتی ہے۔






