
خلیج اردو
کوئٹہ: بلوچستان حکومت نے بلوچ عوام کے مفادات کے خلاف بات کرنے والے سیاسی رہنما اختر مینگل کو دہشت گردوں کا سرپرست اور بلوچ قوم کا دشمن قرار دے دیا۔ کوئٹہ میں صوبائی وزراء اور ترجمان بلوچستان حکومت کی پریس کانفرنس کے دوران صوبائی وزیر صادق عمرانی نے اختر مینگل کی زبان کو قابو میں رکھنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت جمہوری قوتوں سے بات چیت کے لئے تیار ہے، تاہم اختر مینگل نے پی ٹی آئی کے دور حکومت میں 15 ارب روپے لے کر اپنی جیب میں ڈالے۔
علی مددجتک نے کہا کہ پیپلز پارٹی دہشت گردی کا شکار ہونے کے باوجود دہشت گردی کے خلاف بات کرتی ہے اور اختر مینگل ان لوگوں کی رہائی کے لئے دھرنا دے رہے ہیں جو دہشت گردوں کی لاشیں لے کر بھاگے۔
صوبائی وزیر بخت کاکڑ نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ دہشت گردی کے خلاف ڈٹ کر کھڑی ہوئی ہے اور اختر مینگل کے بیانات قابل مذمت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جمہوری سیاست اور احتجاج کرنا ہر کسی کا حق ہے، لیکن حکومت اپنی رٹ بحال رکھے گی اور بلیک میل نہیں ہو گی۔






