
خلیج اردو
23 اپریل 2025
لاہور:ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل نے پنجاب میں غیر معیاری، جعلی اور غیر رجسٹرڈ ادویات کی دستیابی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کو ایک باضابطہ مراسلہ ارسال کیا ہے۔ ادارے نے مطالبہ کیا ہے کہ صوبے بھر میں ادویات، غذائی سپلیمنٹس اور ویٹرنری دواؤں کا فوری اور مکمل معیاری معائنہ کیا جائے تاکہ عوامی صحت کو لاحق خطرات کا سدِباب کیا جا سکے۔
سٹی 42 کی خبر کے مطابق مراسلے میں پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں طبی آلات کی مؤثر نگرانی کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے، اور کہا گیا ہے کہ معیار پر پورا نہ اترنے والے یونٹس کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل نے مقامی اور درآمدی ویٹرنری ادویات کی فوری چھان بین کی ہدایت دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ تمام یونٹس کا جامع جائزہ لیا جائے۔
ادارے نے ٹیسٹنگ لیبارٹریز کی فعالیت اور معیاری تربیت یافتہ عملے کی تعیناتی کو یقینی بنانے کی سفارش کرتے ہوئے کہا ہے کہ غیر معیاری دواؤں کی ترسیل عوام کی صحت سے کھیلنے کے مترادف ہے، جس کے تدارک کے لیے فوری اقدامات ناگزیر ہیں۔






