
خلیج اردو
اسلام آباد: پاکستان نے بھارت کے جارحانہ اقدامات کے خلاف احتجاجی مراسلہ بھارتی ناظم الامور گیتکاسری واستو کو دفتر خارجہ طلب کر کے حوالے کر دیا۔ سفارتی ذرائع کے مطابق پاکستانی دفتر خارجہ نے بھارتی ناظم الامور کو باضابطہ طور پر پاکستان کے فیصلوں سے آگاہ کیا اور ان کے ملک کی جانب سے کیے گئے اقدامات پر احتجاج کیا۔
دفتر خارجہ کی جانب سے بھارتی ناظم الامور کو ایک "نوٹ وربیل” بھی دیا گیا جس میں پاکستان کے جوابی اقدامات کی تفصیلات شامل ہیں۔ سفارتی ذرائع نے بتایا کہ بھارت کے ہائی کمیشن کے ڈیفنس، ایئر، اور نیول اتاشیوں کو ناپسندیدہ قرار دینے اور انہیں پاکستان چھوڑنے کے فیصلے سے بھی آگاہ کیا گیا۔
نوٹم میں بھارتی ناظم الامور کو آگاہ کیا گیا کہ پاکستان نے سفارتی تعلقات نچلی سطح پر لانے اور ہائی کمیشن کے عملے کو 30 افراد تک محدود کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مزید یہ کہ سکھ یاتریوں کے علاوہ تمام بھارتی شہریوں کو 48 گھنٹوں میں پاکستان چھوڑنے کی ہدایت کی گئی ہے، واہگہ چیک پوسٹ بند کرنے اور تمام بھارتی کمرشل پروازوں کے لیے فضائی حدود بند کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ پاکستان نے بھارت کو پاک بھارت تجارت، بشمول بلواسطہ تجارت، کی معطلی کا بھی اطلاع دی ہے، اور سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی کے جواب میں شملہ اور دیگر پاک بھارت معاہدوں کو معطل کرنے کے امکانات سے بھی آگاہ کیا گیا ہے۔







