
خلیج اردو
ویٹی کن سٹی/غزہ: رومن کیتھولک چرچ نے پوپ فرانسس کی غزہ کی مسیحی برادری سے ویڈیو کال پر بات چیت کی ویڈیو جاری کر دی ہے، جو ان کے انتقال کے بعد منظر عام پر آئی ہے۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پوپ فرانسس غزہ کے ہولی فیملی کیتھولک چرچ سے روزانہ کی بنیاد پر رابطے میں رہتے تھے اور جنگ زدہ علاقے میں بسنے والے مسیحیوں کا حوصلہ بڑھاتے تھے۔
پوپ فرانسس کے انتقال پر غزہ کی مسیحی برادری میں گہرے دکھ اور افسوس کی لہر دوڑ گئی ہے۔ مقامی افراد نے کہا کہ پوپ ان کے لیے صرف مذہبی رہنما نہیں بلکہ ایک امید کا چراغ تھے۔ جنگ کے شدید حالات میں جب دنیا خاموش تھی، پوپ نے نہ صرف ان سے رابطہ قائم رکھا بلکہ امن کی مہم بھی جاری رکھی۔
مسیحی برادری کا کہنا ہے کہ پوپ فرانسس نے تباہ حال غزہ کیلئے دعائیں کیں، ان کے ساتھ دلی ہمدردی ظاہر کی، اور ان کا سہارا بنے۔ ان کے انتقال کو ایک ناقابل تلافی نقصان قرار دیا جا رہا ہے۔






