عالمی خبریں

نانا پاٹیکر نے پروڈیوسر سے برتن دھلوائے، پریش راول کا دلچسپ انکشاف

خلیج اردو
ممبئی:بالی ووڈ کے سینئر اداکار پریش راول نے انڈسٹری کے لیجنڈ اداکار نانا پاٹیکر کے ساتھ جڑا ایک دلچسپ اور حیرت انگیز واقعہ سناتے ہوئے بتایا کہ نانا پاٹیکر نے ایک پروڈیوسر کو کھانے کے بعد برتن دھونے پر مجبور کر دیا۔

69 سالہ پریش راول نے حالیہ انٹرویو میں 74 سالہ نانا پاٹیکر کی شخصیت اور ان کے غیر روایتی انداز پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ "وہ بالکل الگ ہے، لیجنڈ ہے، اس کی مٹی ہی الگ ہے”۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ نانا پاٹیکر پہلے کریکٹر اداکار تھے جنہوں نے فلم کا ایک کروڑ روپے کا معاوضہ نہ صرف مانگا بلکہ وصول بھی کیا، جب کہ اُس وقت بڑے فلمی ہیرو بھی اتنی رقم نہیں لیتے تھے۔

پریش راول نے بتایا کہ اگر کسی کردار نگار کا احترام کیا جائے تو وہ ایک روپے میں بھی کام کر لیتا ہے، لیکن اگر وہ انکار کر دے تو 10 کروڑ روپے بھی اسے قائل نہیں کر سکتے۔

دلچسپ واقعہ سناتے ہوئے پریش راول نے کہا کہ نانا پاٹیکر نے ایک پروڈیوسر کو اپنے گھر مدعو کیا، اُسے مٹن کھلایا اور بعد میں اسی سے برتن بھی دھلوا دیے۔ انہوں نے پروڈیوسر کا نام ظاہر کرنے سے گریز کیا لیکن اس واقعے سے نانا پاٹیکر کے منفرد مزاج کا اندازہ ضرور ہوتا ہے۔

نانا پاٹیکر آخری بار 2024 میں ریلیز ہونے والی فلم "ون واس” میں نظر آئے تھے، جسے ناقدین نے پسند کیا مگر باکس آفس پر اسے خاطر خواہ کامیابی نہ مل سکی۔ دوسری جانب پریش راول اس وقت "بھوت بنگلہ”، "ہیرا پھیری 3” اور "ویلکم ٹو دی جنگل” جیسی فلموں میں مصروف ہیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button