عالمی خبریں

سفید دھواں اور ہر طرف خوشی،تاریخی انتخاب: کیتھولک چرچ کے پہلے امریکی پوپ رابرٹ پریوسٹ منتخب، نیا نام "پوپ لیو چہاردہم” رکھ لیا

خلیج اردو
ویٹی کن سٹی: کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا کے طور پر امریکہ سے تعلق رکھنے والے رابرٹ پریوسٹ کو نیا پوپ منتخب کر لیا گیا ہے۔ وہ تاریخ کے پہلے امریکی پوپ ہیں جنہوں نے منصب سنبھالتے ہی اپنا نیا نام "پوپ لیو چہاردہم” رکھ لیا۔

نئے پوپ کے انتخاب کے موقع پر ویٹی کن کے سینٹ پیٹرز بیسلکا کی چمنی سے روایتی سفید دھواں اٹھا، جس کا مطلب ہے کہ کارڈینلز کی انکلیو نے متفقہ طور پر نئے پوپ کا انتخاب کر لیا ہے۔ اس تاریخی لمحے پر سینٹ پیٹرز اسکوائر میں موجود ہزاروں افراد نے خوشی سے نعرے لگائے، تالیاں بجائیں اور جشن منایا۔

دنیا بھر سے تعلق رکھنے والے 133 رومن کیتھولک کارڈینلز نے اس انتخابی عمل میں حصہ لیا۔ انتخاب کے دوسرے روز ہی اتفاق رائے ہو گیا اور روایت کے مطابق ایک سینئر کارڈینل نے لاطینی زبان میں "Habemus Papam” (ہمیں نیا پوپ مل گیا ہے) کا اعلان کرتے ہوئے عوام کو نئے پوپ کے انتخاب سے آگاہ کیا۔

پوپ لیو چہاردہم جلد ہی سینٹ پیٹرز بیسلکا کی بالکونی پر آ کر خود کو عوام کے سامنے پیش کریں گے۔ اس موقع پر چرچ کی گھنٹیاں بجائی گئیں اور فضا میں ایک جذباتی اور روحانی جوش دیکھا گیا، جہاں نن، زائرین اور عام افراد سب ہی شامل تھے۔

واضح رہے کہ سابق پوپ فرانسس 21 اپریل کو 88 برس کی عمر میں انتقال کر گئے تھے، جس کے بعد انکلیو کا اجلاس طلب کیا گیا تھا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button