
خلیج اردو
اسلام آباد، 8 مئی 2025
پنجاب اور اسلام آباد میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال کے باعث تعلیمی اداروں میں دو دن کی تعطیلات کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ وزیر تعلیم پنجاب کے مطابق صوبے بھر میں تمام سرکاری و نجی اسکولز، کالجز اور یونیورسٹیاں جمعہ اور ہفتہ کے روز بند رہیں گی۔
اعلان کے مطابق تمام میڈیکل اور نرسنگ کالجز بھی ان تعطیلات کے دوران بند رہیں گے، تاہم تدریسی عمل پیر 12 مئی سے معمول کے مطابق بحال کر دیا جائے گا۔
پنجاب بھر میں جاری انٹرمیڈیٹ کے امتحانات بھی دو روز کیلئے ملتوی کر دیے گئے ہیں، تاہم کیمبرج اور آکسفورڈ سسٹم کے امتحانات اپنے شیڈول کے مطابق جاری رہیں گے۔
دوسری جانب صوبے میں سول ڈیفنس اور ریسکیو 1122 کی فرضی مشقیں شروع کر دی گئی ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سول ڈیفنس اور ریسکیو اہلکاروں کو ہمہ وقت الرٹ رہنے کی ہدایت دی ہے، جبکہ ضلعی انتظامیہ کو سول ڈیفنس ایکسرسائز کی مؤثر مانیٹرنگ یقینی بنانے کی بھی ہدایت جاری کی گئی ہے۔






