
خلیج اردو
اسلام آباد، 8 مئی 2025
پاکستان نے بھارتی میڈیا کی جانب سے پٹھان کوٹ، جیسلمیر اور سری نگر پر حملوں سے متعلق الزامات کو سختی سے مسترد کر دیا ہے۔ دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ دعوے سراسر بے بنیاد، سیاسی مقاصد کے تحت اور ایک خطرناک پراپیگنڈا مہم کا حصہ ہیں جس کا مقصد پاکستان کو بدنام کرنا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان پر بغیر کسی قابلِ اعتبار تحقیق کے بار بار الزامات عائد کرنا بھارت کی ایک منظم حکمت عملی ہے، جس کے ذریعے وہ خطے میں کشیدگی کو ہوا دے کر اپنی جارحانہ پالیسیوں کا جواز پیدا کرنا چاہتا ہے۔
دفتر خارجہ نے عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ بھارت کے اس غیر ذمہ دارانہ رویے کا سنجیدگی سے نوٹس لے اور اسے صبر و ضبط اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے کی تلقین کرے۔ بیان میں خبردار کیا گیا ہے کہ کسی بھی جھوٹے بہانے پر اگر بھارت نے جارحیت کی کوشش کی تو پاکستان اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کیلئے مکمل عزم کے ساتھ جواب دے گا۔
ترجمان کے مطابق پاکستان امن کا خواہاں ہے، لیکن کسی بھی اشتعال انگیزی، دھمکی یا فریب کاری سے مرعوب نہیں ہوگا، اور اپنی سلامتی کے دفاع کا حق محفوظ رکھتا ہے۔






