
خلیج اردو
برسلز/لندن – 21 مئی 2025
غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت کے خلاف عالمی سطح پر ردعمل میں شدت آتی جا رہی ہے، یورپی یونین نے اسرائیل کے ساتھ تعلقات پر نظرثانی کا فیصلہ کر لیا ہے۔ برسلز میں ہونے والے یورپی سفارتی اجلاس میں 17 یورپی وزرائے خارجہ نے اس فیصلے کی حمایت کی۔
دوسری جانب برطانیہ نے غزہ میں بڑھتی کشیدگی کے باعث اسرائیل کے ساتھ جاری آزاد تجارتی مذاکرات معطل کر دیے ہیں۔ ساتھ ہی اسرائیلی فوجی کارروائیوں میں توسیع پر برطانوی دفتر خارجہ نے اسرائیلی سفیر کو طلب کرکے باضابطہ احتجاج بھی ریکارڈ کرایا ہے۔
اسرائیلی وزارت خارجہ نے اس ردعمل پر شدید ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر برطانیہ اسرائیل کی مخالفت میں اپنی معیشت کو نقصان پہنچانا چاہتا ہے تو یہ اس کی اپنی مرضی ہے۔ وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ بیرونی دباؤ اسرائیل کو اس کے مقاصد کے حصول سے نہیں روک سکتا۔







