خلیج اردو
اسلام آباد: محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور گرم رہنے کا امکان ہے، تاہم بعض مقامات پر آندھی، گرج چمک اور بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
اسلام آباد اور گردونواح میں تیز آندھی، جھکڑ، گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔ خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا، تاہم وزیرستان، بنوں، کرک، کوہاٹ، لکی مروت اور پشاور میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
پنجاب کے اکثر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے، تاہم مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک اور چکوال میں آندھی، جھکڑ اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔
سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم شدید گرم اور خشک رہے گا۔ بلوچستان کے اکثر علاقوں میں بھی موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم کوئٹہ، ژوب، موسی خیل، سبی اور بولان میں موسلادھار بارش کی توقع ہے۔
کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں کے ساتھ گرج چمک اور بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔






