
خلیج اردو
واشنگٹن: پاکستان اور امریکہ کے تعلقات میں ایک نئی پیشرفت سامنے آ رہی ہے، جہاں آج فیلڈ مارشل عاصم منیر اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان اہم ملاقات متوقع ہے۔ ترجمان وائٹ ہاؤس کے مطابق صدر ٹرمپ فیلڈ مارشل عاصم منیر کے اعزاز میں ظہرانہ دیں گے جو کیبنٹ روم میں ہوگا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کیبنٹ روم میں ہونے والی اس ملاقات میں صحافیوں کے داخلے پر پابندی عائد کی گئی ہے، جبکہ اس موقع پر نائب امریکی صدر جے ڈی وینس سمیت اعلیٰ سطح کے امریکی اور پاکستانی حکام بھی شریک ہوں گے۔
ترجمان کے مطابق اس ظہرانے کے دوران دونوں رہنما اہم علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کریں گے، جن میں سیکیورٹی، معاشی تعاون اور خطے میں امن و استحکام کے معاملات شامل ہو سکتے ہیں۔
سفارتی حلقے اس ملاقات کو پاکستان اور امریکہ کے دوطرفہ تعلقات میں ایک فیصلہ کن موقع قرار دے رہے ہیں اور اسے دونوں ملکوں کے درمیان اسٹریٹجک روابط کو وسعت دینے کی سمت ایک اہم قدم سمجھا جا رہا ہے۔







