
خلیج اردو
کراچی، 17 جون 2025
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹننٹ جنرل احمد شریف نے جناح یونیورسٹی برائے خواتین کراچی کا دورہ کیا، جہاں یونیورسٹی انتظامیہ اور طالبات کی جانب سے اُن کا پرتپاک اور پُرجوش استقبال کیا گیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر نے "آپریشن بنیان مرصوص” کے دوران پاک افواج کی حکمتِ عملی، قربانیوں اور دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کی تفصیلات سے طالبات کو آگاہ کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس اہم آپریشن میں پاکستانی عوام، خصوصاً نوجوانوں اور طالبات نے کلیدی کردار ادا کیا، جس سے بھارتی اسٹریٹجک مفروضے ہمیشہ کے لیے زمین بوس ہو گئے۔
لیفٹننٹ جنرل احمد شریف نے اپنے خطاب میں مسئلہ کشمیر پر دوٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا، "کوئی شک نہیں کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے”۔ اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے بلوچستان سے متعلق کہا کہ "بلوچستان کی عوام پاکستان کے ساتھ مذہب، ثقافت اور روایات کے رشتوں میں بندھی ہے، اور فتنہ الہندوستان کے مٹھی بھر دہشت گرد ان رشتوں کو نقصان نہیں پہنچا سکتے۔”
یونیورسٹی انتظامیہ اور طالبات نے پاک افواج کو "آپریشن بنیان مرصوص” میں کامیابی پر بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا۔ طالبات نے کہا کہ "ہم پاک افواج سے ہیں اور پاک افواج عوام سے ہیں۔ عوام اور افواج کا رشتہ ہمیشہ سے انتہائی مضبوط تھا، ہے اور ہمیشہ رہے گا۔”
طالبات نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے ایسے مزید آگاہی سیشنز منعقد کرنے کی خواہش کا اظہار کیا تاکہ نوجوان نسل کو ملکی دفاع اور قومی یکجہتی کے موضوعات پر براہ راست معلومات حاصل ہوں۔
آخر میں یونیورسٹی کی فضا "پاکستان زندہ باد” کے نعروں سے گونج اُٹھی، جس نے وطن سے محبت اور افواجِ پاکستان کے ساتھ یکجہتی کا عملی مظاہرہ پیش کیا۔






