فن و فنکارپاکستانی خبریں

حریم فاروق کا انکشاف: ہانیہ عامر کو شوبز میں متعارف کرایا مگر کریڈٹ لینے سے انکار

خلیج اردو
کراچی، 17 جون 2025
معروف ماڈل، اداکارہ اور فلم پروڈیوسر حریم فاروق نے انکشاف کیا ہے کہ شوبز انڈسٹری میں ہانیہ عامر کو متعارف کروانے کا سہرا اُن کے سر ہے، تاہم وہ اس کا کریڈٹ لینا نہیں چاہتیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ صرف ایک وسیلہ تھیں، اصل کامیابی ہانیہ نے اپنی محنت سے حاصل کی۔

حریم فاروق نے ایک انٹرویو میں کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کے دوران جب قومی یکجہتی دیکھنے میں آئی تو انہیں اس پر بے حد خوشی ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ وہ لمحہ تاریخی تھا جب پوری قوم ایک ہو کر ملک کے لیے دعا کر رہی تھی اور کامیابی پر جشن منا رہی تھی۔ ان کے مطابق ایسی یکجہتی ہمیشہ قائم رہنی چاہیے۔

اداکارہ نے بتایا کہ ابتدا میں ان کا فلم پروڈیوسر بننے کا کوئی ارادہ نہیں تھا۔ وہ محض اتفاقاً اس میدان میں آئیں اور پھر آہستہ آہستہ دلچسپی بڑھتی گئی۔ اسی دوران انہیں ایک باصلاحیت لڑکی ہانیہ عامر کو متعارف کروانے کا موقع ملا۔

حریم فاروق کا کہنا تھا کہ انہیں یہ بات بعد میں یاد آئی جب لوگوں نے بتایا کہ ہانیہ کو انہوں نے ہی شوبز میں لانے میں کردار ادا کیا تھا۔ اداکارہ نے کہا کہ انہیں اس پر فخر ہے کہ ہانیہ عامر آج کیریئر کے عروج پر ہے اور دنیا بھر میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا، "میں کریڈٹ نہیں لینا چاہتی، کیونکہ اصل محنت ہانیہ کی اپنی ہے، اللہ تعالیٰ نے مجھے صرف ایک ذریعہ بنایا۔”

حریم فاروق کے اس بیان کو سوشل میڈیا پر سراہا جا رہا ہے، جہاں مداح ان کی انکساری اور ہانیہ عامر کی محنت کو خراج تحسین پیش کر رہے ہیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button