عالمی خبریں

ایران میں پھنسے پاکستانیوں کی وطن واپسی، پی آئی اے کی پہلی خصوصی پرواز اشک آباد سے اسلام آباد پہنچ گئی

خلیج اردو
اسلام آباد: ایران میں پھنسے پاکستانی شہریوں کی وطن واپسی کا عمل شروع ہو گیا ہے، اور اس سلسلے میں پی آئی اے کی پہلی خصوصی پرواز پی کے 9552 ترکمانستان کے دارالحکومت اشک آباد سے اسلام آباد پہنچ گئی ہے۔

یہ پرواز آج صبح 3 بجے 107 مسافروں کو لے کر بحفاظت اسلام آباد پہنچی۔ ایرانی فضائی حدود کی بندش کے باعث ان پاکستانیوں نے ایران سے زمینی راستے کے ذریعے ترکمانستان کا سفر کیا۔ اس پورے عمل میں ایران اور ترکمانستان میں موجود پاکستانی سفارتخانوں نے اہم اور مؤثر کردار ادا کیا۔

پی آئی اے کی یہ خصوصی پرواز حکومتِ پاکستان کی خصوصی ہدایت پر روانہ کی گئی تھی تاکہ ایران میں موجود پاکستانیوں کو محفوظ طریقے سے وطن واپس لایا جا سکے۔

وطن واپس آنے والے مسافروں نے حکومت پاکستان اور پی آئی اے کے بروقت اقدام کو سراہا اور قابل تحسین قرار دیا۔ ترجمان پی آئی اے نے بیان میں کہا ہے کہ قومی ایئر لائن نے ہمیشہ ملکی مفاد میں اپنی خدمات فراہم کی ہیں اور یہ دہائیوں پر محیط روایت کا تسلسل ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button