
خلیج اردو
ابوظہبی: متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے ایران کے صدر مسعود پزشکیان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور اسرائیلی فوجی حملوں کے تناظر میں ایران اور اس کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔
شیخ محمد بن زاید نے خطے میں کشیدگی کم کرنے اور تنازع کو پُرامن طریقے سے حل کرنے کے لیے یو اے ای کے عزم کو دوہرایا۔ ان کا کہنا تھا کہ متحدہ عرب امارات خطے میں امن و استحکام کے لیے سفارتی کوششوں میں سرگرم ہے۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی گفتگو میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے خطرناک اثرات اور خطے میں امن و سلامتی پر اس کے ممکنہ اثرات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
شیخ محمد نے واضح کیا کہ یو اے ای کلیدی فریقین سے سفارتی مشاورت کے ذریعے حالات کو قابو میں رکھنے اور عدم استحکام سے بچنے کی کوششیں کر رہا ہے۔ انہوں نے ہر ایسے اقدام کی حمایت کا اعادہ کیا جو امن بحال کرنے اور مکالمے کے فروغ میں مددگار ہو۔
یہ رابطہ یو اے ای کی اس وسیع تر علاقائی پالیسی کی عکاسی کرتا ہے جس میں سفارتکاری اور پُرامن تنازعات کے حل کو اولین ترجیح دی جاتی ہے، خاص طور پر اس وقت جب مشرق وسطیٰ میں محاذ آرائی کے خدشات میں اضافہ ہو رہا ہے۔






