
خلیج اردو
گوجرانوالہ – ایمن آباد میں زہریلا کھانا کھانے سے جاں بحق دو کمسن بہنوں کے بعد ان کا آٹھ سالہ بھائی حیدر بھی دم توڑ گیا، جس سے واقعے نے پورے علاقے کو سوگوار کر دیا ہے۔ گزشتہ روز 7 سالہ نور فاطمہ اور 4 سالہ جنت کی موت کے بعد آج تیسرے بچے کی موت نے دل دہلا دینے والی صورتحال پیدا کر دی۔
واقعہ انٹرنیشنل کبڈی پلیئر نوید پہلوان کے گھر پیش آیا، جنہوں نے اپنی بیٹی کی سالگرہ کی تقریب کے لیے ایک مقامی فوڈ پوائنٹ سے کھانا اور کیک منگوایا تھا۔ تقریب کے بعد کھانے سے لطف اندوز ہونے کے چند گھنٹوں بعد نوید پہلوان سمیت ان کے بچوں کی حالت غیر ہو گئی۔
تمام متاثرین کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم بدقسمتی سے پہلے دو بچیاں اور اب ان کا بھائی جانبر نہ ہو سکا۔ نوید پہلوان کی حالت بھی نازک بتائی جا رہی ہے۔
واقعے کے بعد پنجاب فوڈ اتھارٹی نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مذکورہ فوڈ پوائنٹ کو گزشتہ رات سیل کر دیا تھا، جبکہ مزید پانچ فوڈ پوائنٹس کے خلاف مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ فوڈ اتھارٹی نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے تاکہ زہریلا مواد فراہم کرنے والے عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔







