
خلیج اردو
اسلام آباد – جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کے اجلاس میں چاروں ہائیکورٹس کے لیے مستقل چیف جسٹس صاحبان کی تقرری کی منظوری دے دی گئی۔ اجلاس کے دوران مختلف امیدواروں کے ناموں پر ووٹنگ ہوئی، جس کے نتیجے میں جسٹس سرفراز ڈوگر کو چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ، جسٹس عتیق شاہ کو چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ، جسٹس روزی خان کو چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ، اور جسٹس جنید غفار کو چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ مقرر کرنے کی منظوری دی گئی۔
ذرائع کے مطابق 16 رکنی جوڈیشل کمیشن میں جسٹس سرفراز ڈوگر کو 9 ووٹ حاصل ہوئے۔ جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس منیب اختر نے جسٹس محسن اختر کیانی کے حق میں ووٹ دیا، جبکہ چار ممبران نے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کے حق میں رائے دی۔ جسٹس جمال مندوخیل نے کسی امیدوار کے حق میں ووٹ نہیں دیا۔ جسٹس ریٹائرڈ شوکت عزیز صدیقی نے جسٹس سرفراز ڈوگر کے حق میں ووٹ دیا۔
اجلاس کے دوران جسٹس منصور علی شاہ نے 26ویں آئینی ترمیم پر اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا کہ اس معاملے پر پہلے فیصلہ ہونا چاہیے تھا۔ جسٹس منیب اختر نے بھی ان کی رائے کی تائید کی۔ اس رائے کی حمایت وزیر قانون خیبرپختونخوا اور پاکستان تحریکِ انصاف کے دو اراکین نے بھی کی۔
اجلاس کے بعد یہ تقرریاں آئینی تقاضوں کے مطابق صدرِ مملکت کی منظوری سے باضابطہ نوٹیفائی کی جائیں گی۔ جوڈیشل کمیشن کی کارروائی ایک بار پھر ملک میں عدالتی تعیناتیوں سے متعلق شفافیت اور آئینی عمل کے تناظر میں توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔






