سپورٹس

شاداب خان کندھے کی انجری کا شکار، بنگلہ دیش دورے سے باہر ہونے کا امکان

خلیج اردو
لاہور – قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے نائب کپتان اور آل راؤنڈر شاداب خان کندھے کی انجری کا شکار ہو گئے ہیں، جس کے باعث ان کا آئندہ دورۂ بنگلہ دیش میں شرکت مشکوک ہو گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق شاداب خان رواں ہفتے کندھے کی سرجری کروائیں گے، جس کے بعد انہیں مکمل صحتیابی کے لیے کم از کم دو ماہ آرام درکار ہوگا۔

میڈیکل بورڈ کے مطابق شاداب کی فٹنس کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ سرجری کے بعد انہیں قومی ٹیم سے دور رکھا جائے تاکہ وہ مکمل طور پر صحتیاب ہو کر واپس آ سکیں۔ اگرچہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا، تاہم قوی امکان ہے کہ وہ بنگلہ دیش کے خلاف متوقع سیریز کا حصہ نہیں ہوں گے۔

شاداب خان کی عدم موجودگی میں ٹیم کے کمبی نیشن اور قیادت میں بھی تبدیلیوں کا امکان ہے، جس پر سلیکشن کمیٹی غور کر رہی ہے۔ شائقین کرکٹ نے شاداب خان کی جلد صحتیابی اور میدان میں واپسی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button