خلیج اردو
ہیوسٹن – امریکا کی عالمی شہرت یافتہ گلوکارہ بیونسے ایک ہولناک حادثے سے بال بال بچ گئیں۔ ہیوسٹن میں جاری ان کے میوزک کنسرٹ کے دوران اس وقت سنسنی پھیل گئی جب بیونسے ہوا میں معلق گاڑی میں پرفارم کر رہی تھیں کہ اچانک جھٹکا لگا۔
کنسرٹ کے دوران استعمال کی جانے والی خصوصی معلق گاڑی میں اچانک فنی خرابی پیدا ہوئی، جس کے باعث گاڑی ایک جانب کو جھک گئی۔ اس خطرناک لمحے میں بیونسے نے حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فوری طور پر حفاظتی رسیوں کو تھام لیا، یوں ممکنہ طور پر جان لیوا حادثہ ٹل گیا۔
کنسرٹ میں موجود مداحوں نے اس لمحے کو نہایت خوفناک قرار دیا اور گلوکارہ کی فوری ردِعمل کی تعریف کی۔ منتظمین کے مطابق بیونسے محفوظ ہیں اور انہیں کوئی جسمانی نقصان نہیں پہنچا۔ واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں تاکہ آئندہ ایسے کسی واقعے سے بچا جا سکے۔







